گوگل کا 2024 میں پوڈکاسٹ سروس بند کرنے کا اعلان
کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے 2024 میں پوڈکاسٹ سروس بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔ آئندہ برس کے ابتداء سے صارفین یوٹیوب میوزک میں پوڈکاسٹ سن سکیں گے۔
رواں سال اپریل میں گوگل نے امریکی صارفین کے لیے یوٹیوب میوزک میں ممبر شپ کے بغیر پوڈکاسٹ سننے کی سہولت فراہم کر دی تھی۔ صارفین اس سہولت کو استعمال کرتے ہوئے پوڈکاسٹ کو آف لائن بھی سن سکتے ہیں۔
یوٹیوب کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے مطابق 2023 کے آخر تک عالمی سطح پر یوٹیوب میوزک میں پوڈکاسٹ دستیاب ہوگی۔
2018 میں اینڈرائیڈ پر لانچ کی جانے والی پوڈکاسٹ ایپ نے صارفین کو مفت میں پوڈکاسٹ کی لائبریری فراہم کی۔ 2020 میں گوگل نے ایپ کو نئی شکل دی اور آئی او ایس پر لانچ کی۔ اس وقت یہ سروس ویب، ونڈوز اور میک او ایس پر بھی دستیاب ہے۔
یوٹیوب نے ایک بلاگ اسپاٹ پوسٹ میں لکھا کہ 2024 میں کمپنی یوٹیوب میوزک میں پوڈکاسٹ کے تجربے میں سرمایہ کاری بڑھائے گی اور 2024 کے بعد کے حصے میں گوگل پوڈکاسٹ کو بند کردیا جائے گا۔
واضح رہے اس سے پہلے گوگل کی جانب سے جی میل کے ایچ ٹی ایم ایل بیسک ویو فیچر کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
0 Comments